حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یومِ عاشوراء کے موقع پر حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر لاہور میں نمازِ جمعہ حجت الاسلام مولانا سید حسن نقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی؛ نمازِ جمعہ کا اہتمام آئی ایس او لاہور ریجن کی جانب سے ہوا۔
نمازِ جمعہ کے اجتماع میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی، جبکہ خواتین کے لیے بھی علیٰحدہ باپردہ نمازِ جمعہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔

اس موقع پر خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے مولانا سید حسن نقوی نے کہا کہ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام نے کربلا کے تپتے ریگزار پر اپنے تمام اصحاب کی قربانی دیکر رہتی دنیا تک کے لیے ثابت کر دیا کہ اسلام اتنا قیمتی اثاثہ ہے کہ جس پر نواسہ رسول اور خاندان رسالت سمیت ہر چیز جان، مال، عزت و آبرو قربان کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج 1448 ھجری کے محرم سے قبل، رہبرِ معظم آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای شہید نے بھی اپنی اور اپنے خانوادے کی قربانی دیکر کربلا کے درس شہادت کو دہرایا ہے۔
حجت الاسلام سید حسن نقوی نے کہا کہ آج دنیا کے مظلومین سمجھ چکے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل کربلا والوں کے پاس ہے، جو ہر مظلوم کے حق میں آواز بلند کرنے کا جذبہ کربلا سے حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج مکتبِ حسینیت اور مکتبِ خامنہ ای نے دنیا کے تمام فرعونوں کو ذلت آمیز شکست دے کر ثابت کیا کہ حق پر کھڑا ہونے کے لیے اکثریت کی نہیں، حسینی جذبے کی ضرورت ہوتی ہے۔









آپ کا تبصرہ